سٹی پولیس آفیسر کی چک نمبر 222 گ ب تحصیل سمندری علاقہ تھانہ ترکھانی میں بچوں سے بدفعلی کے واقعات کی بابت پریس کانفرس

چک نمبر 222 گ ب تحصیل سمندری علاقہ تھانہ ترکھانی میں بچوں سے بدفعلی کے واقعات کی بابت مقامی پولیس کو اطلاع ملی جس پر فوری قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کیا گیا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی زیرنگرانی ایس پی صدر، ڈی ایس پی سمندری ، ایس ایچ او ترکھانی اور ایس ایچ اوتھانہ ویمن پر مشتمل اعلی سطحی ٹیم تشکیل دی گئی جنہیں ہدایت کی گئی کہ وہ انسپکٹر جنرل آف پولیس، پنجاب کی جاری کردہ SOP کے مطابق مقدمہ کی تفتیش کریں اور انہیں شواہد اکھٹے کرنے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے متعلقہ گاوں بھجوایا گیا۔ جہاں ایس ایچ او تھانہ ویمن نے ٹیم کے ہمراہ گھر گھر جاکر خواتین کو اعتماد دلایا، مطمئن کیا اور ایسے واقعات کے متعلق مزید معلومات حاصل کیں۔
سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد نے معاملہ کی سنگینی اور نزاکت کو بھانپتے ہوئےچک 222گ ب کا دورہ کیا اور جامع مسجد میں اہل دیہہ کو اکٹھا کرکے پیش آنے والے غیراخلاقی واقعات کے متعلق خطاب کیا انہیں ایسے واقعات سامنے لانے ، ان کی بابت پولیس کو معلومات دینے اور مقدمات درج کروانے کی ترغیب دی اور اس حوالہ سے عوام الناس کو مکمل پولیس تعاون و تحفظ کا یقین دلایا۔ جس پرمزید 2 مقدمات درج ہوئے۔ اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر نے متاثرہ بچوں اور ان کی فیملیز کی دلجوئی کیلئے اُن کےساتھ ملاقات کی۔ متاثرہ بچوں اور ان کی فیملیز کی نفسیاتی اور ذہنی حالت کی بحالی کیلئے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کو سپیشل ڈاکٹر مامور کرنے کے لئے خط لکھا۔
اب تک چک 222گ ب میں بچوں کے ساتھ بدفعلی کے 4 افسوسناک مقدمات درج ہوئے ہیں جن میں ملوث تمام 5 کس ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے جن سے جدید تکنیکی اور سائنسی بنیادوں پر تفتیش جاری ہے۔ مقدمات کی بہتر تفتیش عمل میں لانے کیلئے ایس پی لیگل کو پراسیکوشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کرکام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ان افسوسناک واقعات کے حوالہ سے سٹی پولیس آفیسر نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور ان کی حفاظت ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ اس قسم کی سماجی برائیوں کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے معاشرے کی تمام اکائیوں کو مل کر مربوط اور منظم پالیسی کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے۔والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں میں اعتماد پیدا کریں اور ان کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھیں تاکہ وہ آپ سے ہربات شیئر کریں۔ بچہ کےدوستوں اور ان کی حرکات و سکنات پر نظر رکھیں۔ انہیں صحیح اور غلط تعلق کے متعلق بتائیں۔اگر کوئی بچہ کسی شخص کی غلط حرکت کے متعلق شکایت کرئے تو اسے معمولی مت لیں فورا پولیس کو اطلاع دیں ۔ فیصل آباد پولیس ہراول دستہ کی طرح اس برائی کی بیخ کنی کیلئے پُرعزم ہے۔ اللہ ہمارا حامی و ناصر ہو۔

Sunday, September 22, 2019