شاہد حنیف ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ شہید سب انسپکٹر اعجاز مقبول کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیلئےان کے گھر گئے

شاہد حنیف ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ شہید سب انسپکٹر اعجاز مقبول کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیلئےان کے گھر گئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ ہم شہید کے ورثاء کو سلام پیش کرتے ہیں کہ جس خاندان کے بہادرسپوت نے خطرناک ملزمان کی گرفتاری کیلئے اپنی قربانی دی۔ شہید کی فیملی کو مکمل تنخواہ ملتی رہے گی اور اس کے خاندان کو مفت تعلیم ،میڈیکل اور دیگر سہولیات بھی دی جائیں گی۔ یہ ہمارا ان پر کوئی احسان نہیں بلکہ شہید کا حق ہے۔ جس کے بعد ایڈیشنل آئی جی اعجاز مقبول کی قبر پر گئے، فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔
آخر میں شاہد حنیف ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ نے پولیس لائنز میں ایلیٹ فورس کے جوانوں کی حوصلہ افزائی اور ان کے مسائل کے حل کیلئے دربار منعقد کیا۔ جس میں آر پی او فیصل آباد غلام محمود ڈوگر، ایس ایس پی آپریشنز فیصل آباد حیدر سلطان سمیت ایلیٹ فورس کے تمام افسران وملازمان نے شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ مجھے اندازہ ہے کہ پولیس کو بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے مگرآپ کو ان تمام مسائل سے نمٹنے کے لئے محنت اور جانفشانی سے کام کرنا ہو گا۔ آپ چنے ہوئے لوگ ہیں مظلوم کی مدد کرنا اللہ کی خوشنودی کا ذریعہ ہے۔ آخر میں پولیس افسران نے اپنے مسائل پیش کئے جن کے فوری حل کے لئے ایڈیشنل آئی جی نے احکامات جاری کئے۔

Wednesday, January 9, 2019