پارکو پائپ لائن سے تیل چوری کرنے والا گینگ گرفتار

اشفاق احمد خان سٹی پولیس آفیسرفیصل آباد نے پولیس لائنز کمپلیکس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ محکمہ پارکو کی طرف شکایت موصول ہوئی کہ پارکو پائپ لائن جو کہ علاقہ تھانہ ٹھیکری والہ میں براستہ بیس لائن پینسرہ ڈنڈیوال سے گزاری گئی میں تیل کا پریشر کم آرہا ہے جس میں کہیں سے تیل چوری ہورہا ہے۔ لہذا پارکو کی شکایت اور ملکی معیشت کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس پارٹی تھانہ ٹھیکری والہ اور پارکو گن مین کو ٹاسک سونپا گیا کہ وہ پارکو پائپ لائن کے گردونواح میں سرچ آپریشن کریں۔ ٹیم کی دن رات اور انتھک محنت کے بعد اطلاع ملی کہ گوجرہ روڈ پینسرہ کے قریب پارکو مین پائپ لائن میں کلمپ لگا کر دو پائپ زیر زمین گزارے گئے ہیں۔ جس پر ایس ایچ او تھانہ ٹھیکری والہ نے پارکو ٹیم کے ہمراہ ریڈ کیا۔ تو ڈیرہ ازان رانا سعید میں ملزمان نے 200گز لمبےہائی پریشر پائپ سے پارکو پائپ لائن میں کلمپ لگا کر اس سے ڈیرہ تک زیر زمین کنکشن کیا ہوا تھا۔ جس سے عرصہ دراز سے تیل چوری کرکے تیل ٹینکوں میں بھر کے اور احمد فلینگ سٹیشن جو کہ ڈیرہ کے ساتھ واقع ہے پر سیل کیا جارہا تھا۔محتاط اندازے کے مطابق 50 سے 60 لاکھ لیٹر تیل جس کی مالیت تقریبا 50 کروڑ روپے ہے چوری ہوا۔ تھانہ ٹھیکری والہ پولیس نے 5 کس نامزد اور 4 کس نامعلوم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ نمبر 18/1056 مورخہ 2018-12-24 جرم 462بی/ 148/ 149 ت پ تھانہ ٹھیکری والہ درج رجسٹر کرکے دو کس ملزمان 1۔ کاشف عرف کاشی ولد فقیر حسین سکنہ 275ج ب(پمپ منیجر) 2۔ قیصر رحمان ولد عبدالرحمان قوم کھچی سکنہ چک نمبر 242 ج ب کو گرفتار کرلیا۔ جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ جبکہ رانا سعید اور شفیق وغیرہ مفرور ہیں جن کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔ آخر میں سٹی پولیس آفیسر نے ٹیم میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کی۔

Tuesday, January 1, 2019