شہید کانسٹیبل محمد عابد علی کی نماز جنازہ پولیس لائنز فیصل آباد میں ادا

شہید کانسٹیبل محمد عابد علی کی نماز جنازہ پولیس لائنز فیصل آباد میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں کمشنر فیصل آباد آصف اقبال ،آر پی او فیصل آباد غلام محمود ڈوگر، سی پی او فیصل آباد اشفاق احمد خان سمیت دیگر پولیس افسران وملازمین اور معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر کمشنر فیصل آباد، آر پی او فیصل آباد اور سٹی پولیس آفیسر نے شہید کے ورثاء سے اظہار تعزیت کی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز 5:30 بجے صبح ایگل سکواڈ پر تعینات ملازمان عابد علی، اسماعیل، ازمان اور مقصود نے دوران گشت بٹالوی سی این جی اسٹیشن کے قریب 3 کس نامعلوم موٹرسائیکل سوار افراد کو مشکوک جان کر روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے موٹرسائیکل بھگا لی۔ تعاقب کرنے پر نابھہ روڈ پر نامعلوم ملزمان نے ایگل سکواڈ پر جان لیوا فائرنگ کردی جس سے کانسٹیبل عابد علی فائر لگنے سے مضروب ہوگیا- جسے علاج معالجہ کیلئے الائیڈ ہسپتال بھجوایا گیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ 
شہید کانسٹیبل محمد عابد علی 21 جنوری 1993 کو پیدا ہوئے جو 26 مارچ 2013 کو محکمہ پولیس میں بطور کانسٹیبل بھرتی ہوئے اور اس وقت تھانہ غلام محمد آباد میں ڈیوٹی سر انجام دے رہے تھے ۔

Saturday, October 13, 2018