کنسٹیبل محمد عمر ٹریفک حادثہ میں شہید

اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ
شہید کانسٹیبل محمد عمر کی نماز جنازہ پولیس لائنز فیصل آباد میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں کمشنر فیصل آباد آصف اقبال ،آر پی او فیصل آباد غلام محمود ڈوگر ،ایس ایس پی آپریشنز حیدر سلطان سمیت دیگر پولیس افسران وملازمین اور معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پرکمشنر فیصل آباد اور آر پی او فیصل آباد نے شہید کے ورثاء سے اظہار تعزیت کی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایلیٹ فورس کی ٹیم بسلسلہ ڈیوٹی لاہورجارہی تھی کہ پنواں اڈا کے قریب گاڑی کا پچھلا ٹائر پھٹنے سے گاڑی کنٹرول سے باہر ہوگئی اور قلابازیاں کھاتی ہوئی درخت سے جا ٹکرائی جس سے گاڑی میں موجود چھ آفیسرجن میں ہیڈ کنسٹیبل طارق اعجاز ،کانسٹیبل لیاقت ، کانسٹیبل مزمل ، کانسٹیبل زاہد ، کانسٹیبل عامراور کانسٹیبل محمدعمرشدید زخمی ہوگئے جن کو مقامی پولیس نے تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال شاہ کوٹ منتقل کیا۔ جہاں ڈاکٹرز نے محمد عمر کو الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا۔ امروز صبح نو بجے کانسٹیبل محمد عمر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
کنسٹیبل محمد عمر 24اپریل 2007کو محکمہ پولیس میں بطور کانسٹیبل بھرتی ہوئے اور کمانڈو ٹرینگ مکمل کرنے کے بعد 25مئی 2011سے ایلیٹ فورس میں ڈیوٹی سر انجام دے رہے تھے شہید کانسٹیبل نے اپنے سوگواران میں بیوہ اور 3ننھی معصوم بچیاں چھوڑی ہیں جبکہ یہ خود اپنے ولدین کا اکلوتا بیٹا ہونے کے ناتے گھر کے واحد کفیل تھے۔

Friday, September 7, 2018