غلام محمود ڈوگر، ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد، ڈی آئی جی اشفاق احمد خان، سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد کے ہمراہ پولیس لائن میں اجلاس



غلام محمود ڈوگر، ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد رینج نے ڈی آئی جی اشفاق احمد خان، سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد کے ہمراہ پولیس لائن میں اجلاس کا انعقاد کیا۔ جس میں کثیر تعداد میں پولیس افسران و جوانوں نے شرکت کی ۔ پولیس اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس موقع پر آر پی او نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام پولیس افسران اور اہلکار قومی خدمت کے جذبے سے فرائض منصبی ادا کریں۔ مشکل گھڑی میں ہر پولیس ملازم مجھے اپنے ساتھ کھڑا پائے گا۔انہوں نے کہا رشوت خور، کام چور ، بددیانت اور غیر ذمہ دار پولیس افسران کی محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں، کوئی پولیس افسریا اہلکار ایسا کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔ انہوں نے کہا کہ فورس کی فلاح اور جرائم کی روک تھام میرا بنیادی مشن اور ایجندا ہے۔ اس لیے تمام پولیس ملازمین الرٹ اور متحرک ہوکر قانون کو عملی طور پر بلا امتیاز لاگو کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی فرد الیکشن سے پہلے اور الیکشن کے دوران قانون کی خلاف ورزی نہ کرے۔آخر میں انہوں نے پولیس ملازمین کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے فوری احکامات بھی جاری کئے۔